مجھے کیا کرنا چاہیے
تمہارے بعد
مجھے کیا سوچنا چاہیے
اُن دنوں کو
جب سڑکوں پر گھومتے ہوئے
میرے گانے پر تم ماچس بجایا کرتے تھے
یا جب میرے سوال کو تم
ہنسی میں اُڑاتے ہوئے کہہ دیتے
”تم ابھی Below 40 ہو‘‘
یا پھر اُن گھروں کو نکل جانا چاہیے
ایک آخری نظر ڈالنے کو
جن کی مٹی میرے اندر اُڑتی ہے
یا خاک کی ڈھیریوں کے جوار میں
جہاں اپنے وجود کے مزید بے معنی ہونے کا
یقین مل سکے؟
کیا مجھے کوئی نوحہ لکھنا چاہیے
کہ تمہاری وضعداریوں پر
پڑنے والی ضربوں کی طرح
میری محبت کا خواب بھی ٹوٹ چکا؟
موت کی جانب ہماری پیش قدمی
محض چار قدم کے فرق سے
مسلسل جاری رہی ہے
تو کیا میں یہ فاصلہ بھاگ کر ختم کر دوں؟
سمجھ نہیں آتی میں یہاں رُکنا چاہتا ہوں
اور نہیں چاہتا، ایک آدھ رہ جانے والا کام
کیے بغیر ہی بھاگ نکلوں؟
میں تمہاری طرح ہارنا بھی نہیں چاہتا
حالانکہ یہ ایسی جنگ بھی نہیں
جس میں، میرے پاس
کوئی ہتھیار موجود ہو
سوائے دنیا سے شدید کمینی محبت کے۔۔۔
ہزیمت کے دنوں کے بعد
ہم دو ہارے جواریوں کی طرح
بے زبان ہو گئے
فون کے دوسرے کنارے پر
خاموشی ہے
مجھے کچھ سمجھ نہیں آ رہی
اسے پٹخ دوں
یا کان سے لگائے رکھوں۔۔۔۔؟